حیدرآباد۔11 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو بروز ہفتہ 12 مئی کو وجئے واڑہ میں حج ہائوز کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ آندھراپردیش کے حج کمیٹی کے صدرنشین مومن احمد حسین نے بتایا کہ تقریب شام 4 بجے منعقد ہوگی جس میں ریاستی وزراء اور اہم قائدین شرکت کریں گے۔ رکن قانون ساز کونسل احمد شریف اور صدرنشین وقف بورڈ جلیل خان نے مسلمانوں سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ آندھراپردیش حکومت نے دو حج ہائوز کی منظوری دی ہے۔ کڑپہ میں جج ہائوز کی تعمیر کا کام جاری ہے جبکہ وجئے واڑہ میں کل سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ جنوبی ہند میں اپنی نوعیت کا یہ انتہائی عصری اور وسیع تر حج ہائوز ہوگا۔ عازمین حج کی وجئے واڑہ سے روانگی کی صورت میں اس کا استعمال ہوسکتا ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے آندھراپردیش کے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہورہے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ ایام حج کے علاوہ عام دنوں میں اقلیتی طلبہ کے لیے مختلف کورسس میں کوچنگ اور ٹریننگ کے لیے کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا۔