دہلی میٹرو ریل کے پرنسپل مشیر نے نائیڈو کو رپورٹ پیش کی
حیدرآباد 26 اپریل ( آئی این این ) دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے پرنسپل مشیر ای سریدھرن نے آج چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور انہیں وجئے واڑہ میٹرو ریل کے سلسلہ میں ایک تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ پیش کی ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو بھی موجود تھے ۔ مسٹر سریدھرن نے کہا کہ 2019 تک اس پراجیکٹ کی جملہ لاگت 6,823 کروڑ روپئے ہوسکتی ہے ۔ تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ میں سریدھرن نے واضح کیا کہ اس میں دو راہداریاں بنائی جائیں گی ۔ ایک راہداری پنڈت نہرو بس ٹرمنل سے پیناملورو تک جملہ 12.76 کیلومیٹر کی ہوگی جبکہ دوسری راہداری پنڈت نہرو بس ٹرمنل سے نیدامانورو تک ہوگی جو 13.27 کیلومیٹر طویل ہوگی ۔ سریدھرن نے بتایا کہ پہلی راہداری کو دارالحکومت شہر امراوتی سے مربوط کیا جائیگا جبکہ دوسری راہداری کو گناورم ائرپورٹ سے جوڑا جائیگا ۔ ان دونوں راہداریوں کا جملہ فاصلہ 26.03 کیلومیٹر ہے جبکہ ہر کیلومیٹر کیلئے 209 کروڑ روپئے کی لاگت آئیگی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کو اوپری سطح پر رکھنے یا انڈر گراونڈ رکھنے کے تعلق سے حکومت فیصلہ کرسکتی ہے ۔ یہ کام دارالحکومت کی تعمیر کے دوران ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے تاہم بتایا کہ اگر اسے زیر زمین رکھا جاتا ہے تو فی کیلومیٹر لاگت 500-600 کروڑ روپئے فی کیلومیٹر تک ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے پراجیکٹ کی تکمیل پر ٹکٹ کی قیمتوںکی بھی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ کیلومیٹر تک سفر کیلئے 10 روپئے ۔ 5 تا 10 کیلومیٹر تک کیلئے 20 روپئے اور 10 کیلومیٹر سے زیادہ فاصلہ تک سفر کیلئے 30 روپئے ٹکٹ مقرر کیا جاسکتا ہے ۔