ٹی آر ایس کی کامیابی کیلئے آندھرائی نوجوان کا اقدام
حیدرآباد۔8 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے دوبارہ اقتدار اور کے سی آر کے دوبارہ چیف منسٹر دیکھنے کے عہدے پر فائز ہونے کے لیے آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے وجئے واڑہ سے حیدرآباد تک پیدل سفر کیا۔ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں ٹی آر ایس اور کے سی آر کی مقبولیت میں اضافہ پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی آر نے مسرت کا اظہار کیا۔ روہت کمار ریڈی نامی نوجوان نے ٹی شرٹ پر کے ٹی آر کی تصویر کے ساتھ وجئے واڑہ سے حیدرآباد تک پیدل سفر کیا۔ ٹوئٹر پر کے ٹی آر نے روہت کمار ریڈی کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے اس کی تعریف کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سرینواس نارائن نامی شخص نے روہت کمار ریڈی کے اس اقدام کو ٹوئٹر پر پیش کرتے ہوئے کے ٹی آر کو لنک کیا۔ جس کے بعد کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ روہت کمار ریڈی اور اظہار یگانگت کے لیے بہت بہت شکریہ۔ آندھراپردیش سے تعلق رکھتے ہوئے آپ نے وجئے واڑہ تا حیدرآباد پیدل سفر کرتے ہوئے کے سی آر اور ٹی آر ایس کے حق میں تائید کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش میں حالیہ دنوں میں تلنگانہ کے حق میں بعض تنظیموں کا قیام عمل میں آیا اور ان کے قائدین نے انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ٹی آر ایس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔