حیدرآباد ۔ /15 مارچ (سیاست نیوز) شہر کے گنجان آبادی والے وجئے نگر کالونی میں آج مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں بیشمار کارخانے جلکر خاکستر ہوگئے اور لاکھوں روپئے نقصانات کا تخمینہ کیا گیا ہے پولیس کو شبہ ہے کہ یہ حادثہ شارٹ سرکٹ کے سبب پیش آیا جبکہ بعض افراد کا یہ کہنا ہے کہ گیاس ویلڈنگ کے دوران یہ واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب آج شام 4.45 پر رائل پینٹ شاپ کے گودام واقع ملے پلی آئی ٹی آئی گلڈ وجئے نگر کالونی چوراہے روبرو حسینی مسجد میں آج اچانک آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں آگ نے کئی کارخانے کو اپنی زد میں لے لیا ۔ پینٹ کے گودام میں تھنر اور دیگر پینٹ کی اشیاء موجود ہونے کے سبب کیمیکلس ڈرم کے دھماکے ہوئے اور آگ پر قابو پانا مشکل ہوگیا تھا ۔حیدرآباد و سائبرآباد کے 14 فائر اسٹیشنوں سے وابستہ 16 فائر انجنوں کو ہمایوں نگر پولیس نے جائے حادثہ پر طلب کرلیا تھا اور پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے 20 خانگی واٹر ٹینکس کا بھی استعمال کیا گیا ۔ فائر انجن عملہ نے آگ پر قابو پانے کی کارروائی کے دوران گلڈ کی بعض دیواریں منہدم کر دی اور آگ پر فوم کا استعمال بھی کیا گیا ۔ آئی ٹی آئی گلڈ (صنعتی علاقے) میں جملہ 110 کارخانے بشمول پینٹنگ ، ڈنٹر ، کارمیکانک ، شٹر رولنگ ، روڈ رولنگ ، انجنیئرنگ ورک اور دیگر کارخانے موجود ہیں جن میں تقریباً 3000 ملازمین کام کرتے ہیں ۔بتایا جاتا ہے کہ ان ورک شاپس کو محکمہ چھوٹے پیمانے کے صنعتوں نے مسلمہ قرار دیا ہے ۔ جبکہ بعض غیر مجاز ورک شاپس بھی موجود ہونے کی اطلاع ہے ۔ یہ صنعتی علاقہ رہائشی علاقے سے متصل ہے اور آگ بڑے پیمانے پر بھڑک اٹھنے کے سبب مقامی عوام میں تشویش کی لہر دوڑگئی تھی لیکن پولیس نے کارخانوں سے متصل مکانات کو تخلیہ کرادیا اور تمام تجارتی اداروں کو فوری بند کروادیا گیا ۔ ا س حادثہ میں 10 ورک شاپس جل کر خاکستر ہوگئے جبکہ روڈ پر موجود چھوٹے کاروبار والے افراد کے دوکانات بھی آگ کی زد میں آگئے ۔ آتشزدگی کے واقعہ کی اطلاع پر اطراف و اکناف کے ساکن افراد آئی ٹی آئی گلڈ کے قریب کثیر تعداد میں جمع ہوگئے ۔ پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لئے ہلکی سی طاقت کا استعمال کیا ۔ بڑے پیمانے پر کارخانوں میں آگ لگنے کے سبب علاقے میں ہر طرف دہواں پھیل گیا تھا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریاستی وزیر داخلہ مسٹر نائینی نرسمہا ریڈی کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی اور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مسٹر انجنی کمار‘ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشورراو جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر ڈیویژن مسٹر غوث معین الدین نے اپنے ما تحت عملہ کے ساتھ حرکت میں آتے ہوئے وہاں کے حالات کو قابو میں رکھا ۔ وجئے نگر کالونی کے چوراہے تک یہ حادثہ پیش آنے کے سبب کئی جگہوں پر ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا تھا ۔ رات دیر گئے تک آگ پر قابو پانے میں فائر انجن عملہ کو دشواریاں پیش آرہی تھیں اور آگ پر قابو پانے کیلئے فوم کیمیکل کا بھی استعمال کیا گیا لیکن وہ بے اثر ثبات ہوا ۔ آگ پر قابو پانے کیلئے مقامی عوام نے فائر انجن عملہ اور پولیس کو بھرپور تعاون کیا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ڈسٹرکٹ فائر آفیسر مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ پینٹ گودام میں آگ لگنے کے سبب فائر انجن عملہ کو آگ پر قابو پانے میں دشواریاں پیش آئی ہیں ۔ ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہاریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعہ کی ہر زاویہ سے مکمل تحقیقات کی جائیگی اور اس کے لئے مناسب ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔ جبکہ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندریڈی نے بتایا کہ محکمہ مال اور محکمہ فائر سرویسیس کو اس سلسلہ میں رپورٹ پیش کرنے کے لئے کہا گیا ہے جبکہ سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کے فارنسک ماہرین کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے ۔ ہمایوں نگر پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کیا ہے اور آگ کی وجہ کا پتہ لگانے کی تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے ۔