وجئے ملیا کیس ، برطانیہ سے تعاون کیلئے جیٹلی کی درخواست

قانون شکنی کے بعد ملک سے فرار ہونے والوں کو پکڑنے میں مدد دیگر ملکوں کی ذمہ داری
اوساکا۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) تنازعات میں گھرے ہوئے ہندوستانی صنعتکار وجئے ملیا کو ملک بدر کرنے سے برطانیہ کے انکار کے چند ہفتوں بعد وزیرفینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ جب کچھ لوگ قانون شکنی کے بعد ملک سے فرار ہوجاتے ہیں تو انہیں پکڑنے کیلئے دیگر ممالک کو تعاون کرنا چاہئے۔ برطانیہ نے گذشتہ ماہ ہندوستان سے کہا تھا کہ وہ ملیا کو ملک بدر نہیں کرسکتا جو 9,431.65 کروڑ روپئے کا قرض اور سود کی بازیابی کیلئے قرض دینے والی بینکوں کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے سے ایک دن قبل 2 مارچ کو اچانک لندن روانہ ہوگئے تھے۔ ان کی ملک بدری کیلئے ہندوستانی درخواست پر برطانیہ نے ان پر غور نہیں کیا۔ ملیا پر رقمی ہیر پھیر کے الزامات بھی ہیں۔ ارون جیٹلی اپنے دورہ جو فی الحال جاپان کے دورہ پر ہیں ، اوساکا میں انڈیا کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔