لندن۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) شراب کے متحارب تاجر وجئے ملیا کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ایک دوسرے کیس میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ برطانیہ کی کراؤن استغاثہ سرویس (سی پی ایس) نے اس کی توثیق کی ہے۔ شاہ خرچی اور شاہانہ ٹھاٹ باٹ کے لئے شہرت یافتہ بزنس مین 61 سالہ وجئے ملیا رواں سال کے اوائل میں میٹرو پولیٹن پولیس کی طرف سے جاری کردہ حوالگی وارنٹ پر پہلے ہی ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔ وہ لندن کی میٹرو پولیٹن عدالت میں حاضر ہوئے جہاں انہیں 65,000 ہزار برطانوی پاؤنڈ کے مچلکہ پر ضمانت دے دی گئی ۔ سی پی ایس کے ترجمان نے کہا کہ ’’وجئے ملیا کو رقمی ہیر پھیر کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جو آج عدالت میں حاضر ہوگئے‘‘۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اس مقدمہ کی تحقیقات کررہی ہے اور اس مرکزی تحقیقاتی ادارہ نے ملیا اور دوسروں کے خلاف ممبئی کی ایک عدالت میں پہلے ہی ایک چارج شیٹ داخل کی جاچکی ہے۔ حکومت ہند کی طرف سے اس مقدمہ میں سی پی ایس پیروی کررہی ہے۔ اس مقدمہ کی سماعت دو ہفتوں کے لئے مقرر کی گئی ہے جس کا آغاز 4 ڈسمبر سے ہوگا۔