نئی دہلی ؍ ممبئی ۔ یکم ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شراب کے بڑے تاجر وجئے مالیا کل ہفتہ کو ممبئی میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے تحقیقات کاروں کے روبرو حاضر نہیں ہوں گے کیونکہ انہوں نے ماہ مئی تک کا وقت مانگا ہے تاکہ اس ایجنسی کے روبرو حلفیہ بیان دے سکیں ، جو زائد از 900 کروڑ روپئے کے آئی ڈی بی آئی لون فراڈکیس میں رقم کی غیرقانونی منتقلی میں ان کے رول کی تحقیقات کررہی ہے۔ ای ڈی کے ممبئی زونل آفس میں اس کیس کے تحقیقاتی افسر نے بتایا کہ وجئے مالیا 2 اپریل کی طئے شدہ تاریخ کو حاضر ہونے سے قاصر رہیں گے اور یہ کہ انہوں نے مئی کی کوئی نئی تاریخ دینے کی درخواست کی ہے۔
ٹی وی اداکارہ پرتیوشا مردہ پائی گئی
خودکشی کا شبہ
ممبئی ۔ یکم ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ٹیلیویژن کی اداکارہ پرتیوشا بنرجی جو مقبول عام سیریل ’’بالیکاودھو‘‘ میں آنندی کے اپنے کردار سے مشہور ہوئی، آج مضافاتی علاقہ میں واقع اپنی قیامگاہ میں پراسرار حالت میں مردہ پائی گئی۔ ان کے قریبی دوست سدھارتھ شکلا جو بالیکا ودھو میں ان کے ساتھ کام کرچکے ہیں، انہوں نے آج شام نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ اب وہ اس دنیا میں نہیں رہی۔ 24 سالہ پرتیوشا کی موت کے سبب کے تعلق سے پوچھنے پر سدھارتھ نے کہاکہ وہ تفصیلات معلوم کررہے ہیں۔ ایک پولیس آفیسر نے بھی کہا کہ اداکارہ مردہ پائی گئی لیکن انہوں نے دیگر تفصیلات کے افشاء سے گریز کیا۔