وجئے شانتی کو پی سی سی صدارت کی خواہش: جگا ریڈی

پارٹی کیلئے ذاتی رقومات خرچ کرنے والے قائدین کو ترجیح دی جائے، راہول گاندھی سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 8۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے فلم اسٹار وجئے شانتی کی جانب سے ان پر کی گئی تنقیدوں پر تبصرہ سے گریز کیا۔ جگا ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وجئے شانتی کو پی سی سی صدارت کی خواہش ہوسکتی ہے، انہیں فلم اسٹار کی حیثیت سے عوام کے درمیان کافی مقبولیت ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وجئے شانتی سے کانگریس کو فائدہ ہوسکتا ہے اور ان کی خدمات جنوبی ریاستوں میں حاصل کی جاسکتی ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ اگر وجئے شانتی پارٹی کیلئے وقت دیں اور مختلف علاقوں میں کام کریں تو ان کا سیاسی مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ مستقبل میں جو کوئی بھی پی سی سی صدارت پر فائز رہیں، انہیں چیف منسٹر کے عہدہ کی خواہش کے بغیر محض پارٹی کے لئے کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جس کسی کو پردیش کانگریس کی قیادت چاہئے ، انہیں اپنے خرچ سے پارٹی کو چلانا چاہئے ۔ سابق میں پی سی سی صدر اور چیف منسٹر کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعہ پارٹی کا کام چلتا رہا ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ عہدوں کیلئے ، دولت کیلئے کام کرنے کے بجائے پارٹی کیلئے کام کرنے والے زیادہ کارآمد ثابت ہوں گے ۔ جگا ریڈی نے بتایا کہ پردیش کانگریس کی صدارت کے مسئلہ پر وہ بہت جلد راہول گاندھی کو مکتوب روانہ کریں گے ۔ انہوں نے اتم کمار ریڈی کی ستائش کی اور کہا کہ پارٹی کے لئے کام کرتے ہوئے وہ مقروض ہوچکے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کے لئے سخت جدوجہد کی اور انہوں نے کبھی بھی چیف منسٹر کے عہدہ کی خواہش نہیں کی۔ یہ نظریہ غلط ہے کہ جب تک وہ عہدہ پر برقرار رہیں گے ، پارٹی کی بھلائی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کیڈر میں نیا جوش اور جذبہ پیدا کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر قائدین کو پی سی سی صدر کے ساتھ بہتر تال میل بنائے رکھنا چاہئے اور یہی کانگریس کے حق میں ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس ارکان اسمبلی کا انحراف اتم کمار ریڈی کی ناکامی نہیں ہے بلکہ ارکان نے اپنے شخصی مفادات کے لئے انحراف کیا ہے ۔

انہوں نے اتم کمار ریڈی اور کنتیا پر بک جانے کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ انہیں کوئی خرید نہیں سکتا۔ وہ دونوں پارٹی سسٹم کے تحت کام کر رہے ہیں ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس میں ٹی آر ایس کے مخبر اور کو ورٹ کون ہیں ، اس کا وقت پر پتہ چلے گا۔ واضح رہے کہ مرکز نے یو پی اے حکومت کی تشکیل کی صورت میں چندرا بابو نائیڈو ، جگن اور کے سی آر کے حکومت میں شامل ہونے سے متعلق جگا ریڈی کے بیان پر پارٹی انتخابی مہم کمیٹی کی صدرنشین وجئے شانتی نے اعتراض کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جگا ریڈی نے اپنے بیان کے ذریعہ پارٹی کیڈر میں الجھن پیدا کردی ہے ۔ جگا ریڈی کے بیان سے عوام یہ سوچنے پر مجبور ہوجائیں گے کہ کانگریس اور ٹی آر ایس میں خفیہ معاہدہ ہے ۔ یہ بیان مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کیلئے نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ وجئے شانتی نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان کا موقف ہے کہ مرکز نے یو پی اے اپنے طور پر حکومت قائم کرے گی لیکن جگا ریڈی ٹی آر ایس اور وائی ایس آر سی پی کی تائید کے بغیر حکومت کے تشکیل کو ناممکن قرار دیتے ہوئے کے سی آر کی زبان پر کس طرح بھروسہ کر رہے ہیں۔ ایسے وقت جبکہ تلنگانہ میں کانگریس کو دوبارہ مستحکم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جگا ریڈی کے بیان پر وجئے شانتی نے شدید اعتراض جتایا ۔