وجئے راماراؤ کی بالآخر ٹی آر ایس میں شمولیت

چیف منسٹر نے گلابی کھنڈوا پہنا کر خیرمقدم کیا

حیدرآباد ۔ 3 جنوری (سیاست  نیوز) سینئر قائد تلگودیشم پارٹی و سابق وزیر مسٹر کے وجئے راماراؤ بالآخر تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہوگئے ۔ آج یہاں تلنگانہ بھون میں منعقدہ ایک پروگرام کے موقع پر مسٹر وجئے راماراؤ نے تلنگانہ بھون پہونچ کر کے وجئے راماراؤ (جو سابق میںسی بی آئی ڈائرکٹر رہ چکے ہیں ) نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی جبکہ چیف منسٹر تلنگانہ و صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے سینئر قائد تلگودیشم وجئے راماراؤ کو گلابی کھنڈوا اوڑھا کر تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کے وجئے راماراؤ سابق میں ڈائرکٹر جنرل سی بی آئی کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں اور ریٹائرڈمنٹ حاصل کرنے کے ساتھ تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کر کے حلقہ اسمبلی خیریت آباد سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور اس انتخاب پر سابق چیف منسٹر آندھراپردیش و صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابونائیڈو نے فوری طور پر ریاستی کابینہ میں شامل کیا اور جب ریاست آندھراپردیش میں تلگودیشم اقتدار سے محروم ہوئی اور کانگریس ریاست میں برسراقتدار آئی تب مسٹر وجئے راماراؤ نے تلگودیشم پارٹی سرگرمیوں سے اپنے آپ کو  دور رکھا اور گذشتہ ایک عرصہ سے ہی مسٹر وجئے راماراؤ کی تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہونے کی افواہیں سرگرم تھیں لیکن انہوں نے کبھی بھی ان افواہوں کی تردید نہیں کی تھی اور اس طرح آج بالآخر تلگودیشم پارٹی سے ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے ۔