نئی دہلی ۔ /2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان میں واگھا سرحد پر خودکش حملے کی سخت مذمت کی اور اسے دہشت گردی کی خطرناک حرکت قرار دیا ۔ انہوں نے مہلوکین کے ورثاء سے تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے نیک توقعات کا اظہار کیا ۔ نریندر مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ پاکستان میں دہشت گرد حملہ انتہائی صدمہ کا باعث ہے ۔وہ دہشت گردی کی اس حرکت کی مذمت کرتے ہیں ۔ اس دوران بی ایس ایف نے پنجاب میں ہند پاک سرحد پر چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ بی ایس ایف سربراہ ڈی کے پاٹھک نے کہا کہ ہمیں 15 دن قبل یہ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد گروپس امکانی حملہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام عہدیداران ایک دوسرے سے باہم ربط رکھے ہوئے ہیں۔