واڈیا نے میرے چہرے پر جلتے سگریٹ پھینکے : پریتی زنٹا

ممبئی ۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا جنہوں نے صنعتکار نس واڈیا کو دست درازی کا موردالزام ٹھہرایا ہے، انہوں نے کہا کہ ان کے سابقہ بوائے فرینڈ نے ان پر جلتے سگریٹس پھینکے اور 30 مئی کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں پیش آئے واقعہ سے قبل انہیں ایک کمرہ میں بند بھی کردیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ پریتی نے ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریا کو ایک مکتوب میں بتایا کہ ’’نس کا میرے تئیں برتاؤ وقت کے ساتھ ساتھ مسلسل جارحانہ اور پرتشدد ہوتا جارہا ہے۔ میرے چہرے پر جلتے سگریٹس پھینکنے سے لیکر مجھے کمروں میں مقفل کردینے اور میرے ساتھ دست درازی کرنے تک میں نے ان کی طرف سے سب کچھ ظلم سہا ہے‘‘۔

پریتی نے پولیس کمشنر کو یہ مکتوب 30 جون کو پیش کیا تھا جب انہوں نے بیرون ملک جانے کیلئے اجازت کی طلبی کے ضمن میں ان سے ملاقات کی تھی۔ اس معاملہ کی تحقیقات سے واقف ایک پولیس آفیسر کے مطابق پریتی نے اپنے مکتوب میں یہ بھی کہا، ’’میں (پریتی زنٹا) چاہتی ہوں کہ انہیں (نس واڈیا) مجھ سے دور رکھا جائے تاکہ میں سکون سے رہ سکوں، ورنہ کسی روز شدت جذبات سے وہ مجھے ہلاک کردے گا اور اس خیال سے مجھے واقع پریشانی ہوتی ہے۔ میرا انہیں (واڈیا) پولیس شکایت کے ذریعہ کسی بھی طرح نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں ہے، لیکن میرے پاس میری سلامتی کیلئے محکمہ پولیس سے رجوع ہونے کے سواء کوئی چارہ نہیں۔ نس واڈیا نے پریتی کے الزامات کو ’جھوٹ‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ واڈیا گروپ کا کوئی بھی نمائندہ پریتی کے تازہ الزامات پر تبصرہ کیلئے دستیاب نہیں ہوا ۔