اسٹف ، 200 گرین اور دھم جیسے کوڈورڈس کا استعمال ، 10 گرام ڈرگس کی 500 روپئے قیمت
حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : نوجوانوں کے پہلے ہی سوشیل میڈیا اور اپنے اسمارٹ فونس پر گھنٹوں صرف کرنے سے والدین کو کئی ایک شکایت تھیں لیکن اب مزید تشویش ناک حقیقت یہ بھی ہے کہ ڈرگس مافیا کے ذریعہ نوجوان نسل کو آسان نشانہ بنانے میں ’ واٹس ایپ ‘ کلیدی رول ادا کررہا ہے اور واٹس ایپ پر مخصوص الفاظ کے ذریعہ ڈرگس کا کاروبار اپنے عروج پر ہے ۔ واٹس ایپ پر ڈرگس کے کاروبار ، خرید و فروخت کے لیے کوڈ ورڈس استعمال کیے جاتے ہیں جن میں ’ اسٹف ، دھم ، 2000 گرین ‘ وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔ ڈرگس مافیا کے زیادہ تر صارفین انجینئرنگ کالجس کے طلبہ ہیں ۔ پروہبیشن اینڈ ایکسائزڈ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے واٹس ایپ اور ڈرگس کی خرید و فروخت کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرگس فروخت کرنے والے افراد اور نوجوان نسل کے درمیان واٹس ایپ ایک اہم پل کا کام کررہا ہے چونکہ واٹس ایپ آج ہر نوجوان کی دسترس میں ہے لہذا ڈرگس فروخت کرنے والے افراد اس نٹ ورکنگ سائیٹ کے ذریعہ خصوصی الفاظ کے ذریعہ نوجوانوں کو نشانہ بناتے ہیں ۔ عہدیداروں نے کئی ایک واٹس ایپ گروپس کے ساتھ ڈرگس مافیا کے تفصیلات کا راز فاش کیا ہے اور ان کی کارروائی میں ای سی آئی ایل کراس روڈ ، ناچارم اور ملا پور کے علاوہ دیگر علاقوں میں یہ سرگرمیاں جاری ہیں ۔ عہدیداروں کے بموجب اگر کوئی لفظ Stuff ٹائپ کرتا ہے تو ڈرگس ڈیلر یہ اطمینان کرلیتا ہے کہ یہ کوڈ ہے جس کے بعد اس کا آدمی ڈرگس فراہم کرنے کے لیے مطلوبہ مقام کے محفوظ ہونے یا نہ ہونے کی تفصیلات حاصل کرتا ہے ۔ جس کے بعد آگے کی کارروائی انجام دی جاتی ہے ۔ علاوہ ازیں 10 گرام اسٹف کی قیمت 500 روپئے ہے اور یہ ڈرگس دھول پیٹ کی بجائے راست گاہک کے مخصوص اور محفوظ مقام پر فراہم کردیا جاتا ہے ۔۔