واٹس ایپ پرائیویسی پالیسی معاملہ آئینی بنچ کے سپرد

نئی دہلی، 05 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کو چیلنج دینے والی پٹیشن آج آئینی بنچ کو سپرد کر دی۔چیف جسٹس جے ایس کیہر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی بنچ نے کہا کہ پرائیویسی پالیسی سے منسلک مسئلہ کے تعلق سے پانچ رکنی آئینی بنچ سماعت کرے گی۔بنچ نے سماعت کے لئے 18 اپریل کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں کو آئینی بنج کے سامنے حاضر ہو کر سماعت کے لئے نکات طے کرنے کی ہدایات بھی دی۔اس سے قبل عدالت نے پرائیویسی پالیسی کے سلسلے میں واٹس ایپ اور فیس بک کو نوٹس جاری کیے تھے ۔دراصل کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیس بک اورواٹس ایپ پر ڈیٹا محفوظ نہیں ہے اور یہ ملک کے آئین کے آرٹیکل 21 کی خلاف ورزی ہے۔
مال گاڑی پٹری سے اُتر گئی
دھنباد ، 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ میں آج دھنباد ریلوے ڈیویژن کے تحت تانکوپا اور بنسی نالا ریلوے اسٹیشن کے درمیان ایک مال گاڑی پٹری سے اُتر گئی لیکن کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، ریلوے ذرائع نے یہ بات کہی۔ اس حادثے سے ایسٹ سنٹرل ریلوے کی اس اہم لائن پر لگ بھگ چھ گھنٹے ٹرین آمدورفت متاثر ہوئی۔ سینئر ڈیویژنل ریل سیفٹی آفیسر ، دھنباد ریلوے ڈیویژن پی این لال نے کہا کہ ایک خالی مال گاذی کے دو ویگن صبح تقریباً 6 بجے پٹری سے اترگئے۔