حیدرآباد۔/25نومبر ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے شہر حیدرآباد کو پانی سربراہ کرنے والے پائپ لائنوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرتے ہوئے 9اسمبلی حلقوں کو 30اپریل تک پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دیں اور کہا کہ پائپ لائنس ڈالنے کیلئے درکار ضروری منظوریوں کے حصول کیلئے محکمہ جنگلات سے ایک ڈی ایف او کو تعینات کرنے کی چیف منسٹر نے ضروری ہدایات دیں۔ آج یہاں ایم سی آر ڈی میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ رائیٹ آف وے قانون کی روشنی میں 8گز گہرائی میں پائپ لائنوں کی تنصیب عمل میں لائی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میدک میں بچھائی جانے والی پائپ لائن ان کی زمین (چندر شیکھر راؤ کے فام ہاوز) میں سے جارہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے ہر کسی کیلئے ایک ہی قانون ہوتا ہے۔چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے سنجیدہ ہے ۔