واٹرگرڈ پراجکٹ کیلئے عالمی بینک سے فنڈس‘ کے سی آر کی کامیاب نمائندگی

نئی دہلی۔9فبروری( این ایس ایس) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا دورہ دہلی کامیاب رہا کیونکہ مرکزی وزیر وریندر سنگھ نے ریاست میں باوقار واٹرگرڈ پراجکٹ کیلئے مالی مدد کا تیقن دیا ہے ۔مرکزی وزیر نے اس پراجکٹ کی تکمیل کیلئے عالمی بینک سے فنڈس فراہم کرنے کی پیشکش کی ۔ اس پراجکٹ کا مقصد تلنگانہ کے 9اضلاع میں عوام کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنا ہے ۔ کے سی آر نے مرکزی وزیر سے فنڈس کی بروقت اجرائی یقینی بنانے کی خواہش کی ۔ وزیر آئی ٹی و پنچایت راج مسٹر کے ٹی راما راؤ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ کے سی آر نے ریاست میں پسماندہ علاقوں کی ترقی ‘ روزگار ضمانت اسکیم اور واٹر گرڈ کے علاوہ دیگر پروگرامس کیلئے فنڈس کے سلسلہ میں کامیاب نمائندگی کی ۔انہوں نے ضمانت روزگار اسکیم کو تمام منڈلس تک وسعت دینے کی خواہش کی تاکہ غریب اور پچھڑے طبقات کو روزگار کی فراہمی یقینی ہوسکے ۔