نیویارک۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں واقع سرکردہ عالمی ریٹیل ادارہ وال مارٹ نے اس ادارہ کی طرف سے تیار کردہ ایک کیک پر داعش کا پرچم بنائے جانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور وضاحت کی کہ ایک گاہک نے وال مارٹ کے ملازم ایک دوست کی اس پرچم سے لاعلمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس قسم کا کیک بنانے کا آرڈر دیا تھا اور سلائیڈیل لویسیانا میں واقع ایک آڈٹ لٹ نے یہ کیک تیار کیا تھا ۔ اس گاہک نے کہا کہ قبل ازیں اس ادارہ نے وفاقی جنگی پرچم پر ’’نفرت نہیں وراثت‘‘ کی عبارت کے ساتھ ایک کیک بنانے سے انکار کردیا تھا ۔ وال مارٹ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ ’’یہ بڑی بدبختی کی بات ہے کہ گاہک نے یہاں ملازمت کرنے والے اپنے دوست کی اس مسئلہ پر لاعلمی کا غلط فائدہ اٹھایا ہے ۔اس قسم کا کیک نہیں بنایا جانا چاہئے تھا ۔ اس غلطی پر ہم معذرت خواہ ہیں‘‘۔