نئی دہلی 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام )سپریم کورٹ نے آج سینئر صحافی ترون تیج پال کی تین ہفتوں کیلئے عبوری ضمانت منظور کرلی وہ اپنی ساتھی کی مبینہ عصمت ریزی کے الزام میں گذشتہ پانچ ماہ سے قید ہیں۔ عبوری ضمانت ان کی والدہ کی چتا نذر آتش کرنے اور مابعد آخری رسومات میں شرکت کیلئے منظور کی گئی ہے ۔ جسٹس بی ایس چوہان اور اے کے سکری پر مشتمل بنچ نے تیج پال کے ایڈوکیٹ سندیپ کمار کے عدالت کو تیج پال کی والدہ کے انتقال کی اور آج شام ان کی چتا نذر آتش کرنے کی اطلاع دینے کے بعد ضمانت منظور کی ۔ یہ معاملہ آج صبح بنچ کے اجلاس پر پیش کیا گیا جس نے مقدمہ کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ وہ سماعت کیلئے مقرر تمام مقدمات کی سماعت کے بعد اس پر غور کرے گی۔ بنچ نے 1.50 بجے دن حکم جاری کیا ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تیج پال کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کو تین ہفتہ کی عبوری ضمانت منظور کی گئی ہے ۔ تیج پال پر عصمت ریزی ،جنسی ہراسانی اور اپنی جونیر ساتھی کے وقار کو مجروح کرنے کا فرد جرم عائد کیا گیا ہے ۔ انہیں 30 نومبر 2013 کو گرفتار کیا گیا تھا ۔