واشنگٹن ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست واشنگٹن میں ایک ہندو مندر میں توڑپھوڑ کرتے ہوئے اس کی دیوار پر اسپرے پینٹنگ کے ذریعہ سواستک کا نشانہ بنایا گیا۔ نفرت پر مبنی مہم کا یہ ایک ایسا تازہ ترین واقعہ ہے جس نے مہا شیوراتری تہوار سے عین قبل ساری ہندو برادری کو صدمہ سے دوچار کردیا ہے۔ سیائل مٹرو پولیٹن میں واقع سارے شمال مغربی امریکہ کے سب سے بڑے اس مندر کی دیوار پر اشرار نے سواستک کا نشانہ بناتے ہوئے اسپرے پینٹنگ کے ذریعہ ’’گٹ آؤٹ‘‘ (چلے جاؤ) درج کیا گیا تھا۔ اسنومش کونٹی شریف کا محکمہ اس واقعہ کی تحقیقات کررہا ہے۔ اس واقعہ کو بدترین ہراسانی قرار دیا گیا ہے۔ کونٹی کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس مندر کا معائنہ بھی کیا۔ واشنگٹن میں بوتھل کلچرل سنٹر اور ہندو مندر کے چیرمین ٹرسٹی بورڈ نتیانرنجن نے کہا کہ ’’اس قسم کی حرکت امریکہ میں نہیں ہونی چاہئے۔ آپ کون ہوتے ہیں جو گٹ آؤٹ (چلے جاؤ) کہہ رہے ہیں۔ یہ ایمیگرنٹس کا ملک ہے‘‘۔ اس مندر سے کچھ ہی دور اسکائی دیو جونیر ہائی اسکول پر بھی سواستک نشان بناتے ہوئے ’’مسلمس گٹ آوٹ‘‘ (مسلمانوں چلے جاؤ) درج کیا گیا ہے۔ گذشتہ ہفتہ ہوسٹن (ٹیکساس) کی ایک مسجد میں آتشزنی کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔ کنسارا نے کہا کہ ’’بوتھل کے محکمہ پولیس کی طرف سے جاری تحقیقات سے ہماری حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ ہندو امریکن فاونڈیشن اس شہر کی مقامی برادری کے علاوہ ریاستی و وفاقی عہدیداروں کے ساتھ اس وقت تک مسلسل رابطہ میں رہے گا تاوقتیکہ شرپسندوں کو انصاف کے کٹھرے میں نہیں لایا جاتا۔