واشنگٹن۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے قائدین نے واشنگٹن کے ایک مندر میں توڑ پھوڑ کے نفرت پر مبنی واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہئے کہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے سخت پیام دیں۔ کونسل آف امریکی اسلامک ریلیشنس (کائر) کی واشنگٹن یونٹ نے کہا ہے کہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے قائدین اس نفرت انگیز واقعہ کی وفاقی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ہندو، عیسائی اور مسلم طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین نے کہا کہ مندر پر حملہ ملک بھر میں بڑھتے ہوئے نفرت پر مبنی جرائم کی ایک تازہ مثال ہے۔ جن میں بالعموم اسلام اور مسلمانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ واشنگٹن کے مندر کی حصار پر نازی سواستک نشان کے علاوہ ’’گیٹ آؤٹ‘‘ (چلے جاؤ) درج کیا گیا تھا۔