وارناسی 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ایک میگا روڈ شو وارناسی میں منعقد کیا جو اُن کا پارلیمانی انتخابی حلقہ ہے، اُن کا یہ اپنے انتخابی حلقہ کا پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کے لئے طوفانی دورہ تھا۔ اُنھوں نے 7 کیلو میٹر کا فاصلہ بذریعہ کار طے کیا اور بنارس ہندو یونیورسٹی کے بانی پنڈت مدن موہن مالویا کے مجسمہ کی گلپوشی کی۔ علاوہ ازیں اُنھوں نے گنگا آرتی بھی اُتاری۔ وہ بھگوا کرتے اور اسکارف میں ملبوس تھے اور راستہ تمام اُن کی گلپوشی کی جارہی تھی اور نعرہ بازی ہورہی تھی۔ اُن کے روڈ شو کا اختتام دش اشوانید گھاٹ پر ہوا جہاں اُنھوں نے صدر بی جے پی امیت شاہ کے ساتھ گنگا آرتی میں شرکت کی۔ اُنھوں نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا ہے کہ دربھنگہ اور باندا میں روڈ شو کے بعد وہ اپنے چہیتے مقام کاشی جارہے ہیں۔ اُنھوں نے تحریر کیاکہ اُنھیں اپنے کاشی کے بھائیوں اور بہنوں سے بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔ ہر ہر مہا دیو اُن کا روڈ شو ایک ایسے دن اختتام پذیر ہوا جبکہ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اُن پر تنقید کرتے ہوئے اجئے رائے کو اُن کے مقابل کھڑا کیا ہے۔ شرومنی اکالی دل نے اپنے سرپرست اور سابق صدر پنجاب اکالی دل پرکاش سنگھ بادل اور ایل جے پی کے صدر رام ولاس پاسوان بھی شریک ہوں گے۔ وزیراعظم جمعہ کے دن مراکز رائے دہی کے صدور اور کارکنوں سے 9.30 بجے صبح خطاب کریں گے اور 11 بجے کال بھیرو میں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اکالی دل کے امیدوار کے پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر انا ڈی ایم کے، اپنا دل اور شمال مشرقی جمہوری اتحاد کے قائدین بھی موجود ہوں گے۔ کانگریس نے وزیراعظم کے روڈ شو کو وارناسی کے عوام کے ساتھ دغابازی قرار دیتے ہوئے اُن سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہاکہ مودی حکومت مغربی بنگال میں میگا پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔