وارناسی میں مودی کی سیاسی قبر بنے گی : لالو

پٹنہ ۔16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے آج پیش قیاسی کی کہ بی جے پی وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کو وراناسی لوک سبھا حلقہ میں بدترین شکست ہوگی۔ وارانسی ایک سیکولر مقام ہے ‘وہاں کے عوام فرقہ پرست مودی کو ناکام کردیں گے ۔ لالو پرساد نے کہاکہ ان کی پارٹی آر جے ڈی ایک سیکولر مشن پر کام کررہی ہے تاکہ فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دی جاسکے ۔ ان فرقہ پرستوں کو دہلی میں اقتدار سے روکنے کیلئے کوشاں ہیں۔

لالو پرساد نے مزید کہا کہ وارانسی لوک سبھا سیٹ سے مودی کا مقابلہ مودی کیلئے ’’سیاسی قبرستان ‘‘ بن جائے گا۔ وارانسی کو آپ نے کیا سمجھ رکھا ہے یہ بالکلیہ طور پر سیکولر مقام ہے۔ یہاں مودی کو شکست ہوجائے گی اور مودی کی سیاسی قبر کھد جائے گی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر مودی اپنی ریاست سے فرار کیوں ہورہے ہیں ۔ لالو پرساد یادو نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی قائدین کو لوک سبھا انتخابات کا مقابلہ کرنے کیلئے حلقے نہیں مل رہے ہیں اس لئے وہ ایک مقام سے دوسرے مقام تک دوڑلگا رہے ہیں ۔ بی جے پی قائدین اپنی کامیابی کیلئے محفوظ حلقے تلاش کررہے ہیں ۔