وارانسی کے مندر کو بم سے اڑانے کی دھمکی

وارانسی: 5 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع وارانسی کے عالمی شہرت یافتہ سنکٹ موچن مندر کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد یہاں کے تمام اہم مندروں کی سیکورٹی میں اضافہ کردیاگیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ سنکٹ موچن مندر کے مہنت پروفیسر وشنبھر ناتھ مشر کو ڈاک کے ذریعہ ملے ایک خط میں 6 دسمبر سے پہلے مندر کو تباہ کرنے کی دھمکی دی گئی ہے ۔ دھمکی کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سیکورٹی ایجنسیوں نے احتیاط کے طور پر اس مندر کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ کاشی وشوناتھ مندر اور بابا کال بھیرو مندر سمیت تمام اہم مندروں کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا ہے ۔اور آنے جانے والوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے ۔

جے این یو میں داخلہ ، عدالتی حکم کی خلاف ورزی
نئی دہلی ،5دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)جواہر لعل نہرو یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (جنوٹا)نے الزام لگایاہے کہ یونیورسٹی میں داخلہ کے عمل میں سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کے خلاف وہ اپنی تحریک تیز کریں گے۔ ٹیچرزاسوسی ایشن نے منگل کو اپنی جنرل باڈی میں یونیورسٹی میں ٹیچروں کو ڈرانے دھمکانے کے علاوہ تنخواہ روکنے اور من مانے طریقہ سے چھٹی نہ دینے اور انکے تحقیقی پروجکٹوں کوروکنے کے واقعات کے خلاف اپنی تحریک تیز کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔ عدالت نے کہا تھا کہ یونیورسٹی میں داخلہ میں ایک بھی سیٹ خالی نہ رہے لیکن یونیورسٹی نے عدالت میں جودستاویز ات پیش کیں ہیں اس کے مطابق 13فیصد سیٹیں خالی رہ گئیں ۔