وارانسی میں وزیراعظم مودی کی پھاؤڑا لے کر صفائی مہم کی شروعات

وارانسی ، 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے بذات خود پھاؤڑا اٹھاکر آج اپنے لوک سبھا حلقہ میں ’سوچھ بھارت‘ مہم کی شروعات کرتے ہوئے یہاں دریائے گنگا کے کناروں کے پاس جمع کچرے کو صاف کیا اور نو اشخاص بشمول چیف منسٹر اکھلیش یادو کو یہ مہم یو پی میں آگے بڑھانے کیلئے نامزد کیا۔ اپنے حلقہ کا دو روزہ طوفانی دورہ ختم کرتے ہوئے جو اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلا ہے، مودی نے صفائی مہم کی شروعات اَسّی گھاٹ سے کی جو وارانسی کی قدیم ترین گھاٹ ہے، جہاں انھوں نے پھاؤڑے سے پوری تن دہی سے کام لیتے ہوئے کوڑا کرکٹ صاف کیا جو وہاں جمع ہوگیا تھا۔ تقریباً 15 منٹ صاف صفائی کے بعد انھوں نے سارے اترپردیش میں بالعموم اور وارانسی میں بالخصوص اس صفائی مہم کو پھیلانے کے اپنے منصوبوں سے واقف کرایا۔ ’’میں یہاں کاشی کے لوگوں کو یہ تاکید کرنے آیا ہوں کہ گنگا کے گھاٹوں سے گندگی کو ہٹانے میں سرگرم کارکن بن جائیں۔ مجھے یہاں سماجی تنظیموں نے یقین دلایا ہے کہ ایک ماہ کے وقت میں تمام گھاٹ بے داغ طور پر صاف ہوجائیں گے۔ مجھے توقع ہے کہ ان الفاظ کو عملی جامہ پہنایا جائے گا،‘‘ مودی نے گھاٹ پر میڈیا والوں سے یہ بات کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہلی کی طرح جہاں انھوں نے یہ مہم نو نامور شخصیتوں کو نامزد کرتے ہوئے شروع کی،

انھوں نے یو پی میں اتنی ہی تعداد میں مشہور اشخاص منتخب کئے ہیں تاکہ اس مہم کو آگے بڑھایا جاسکے۔ اُن کے نامزد نو اشخاص میں یو پی چیف منسٹر، پارٹی ایم اور بھوجپوری سنگر منوج تیواری، صوفی سنگر کیلاش کھیر، کامیڈین راجو سریواستو اور کرکٹرز سریش رائنا اور محمد کیف شامل ہیں۔ وزیراعظم کے نامزد کردہ بقیہ تین اشخاص چتراکوٹ میں یونیورسٹی برائے نابینا افراد کے بانی و چانسلر سوامی رام بھدرا چاریہ، نامور سنسکرت اسکالر دیوی پرساد دویویدی اور مصنف مانو شرما ہیں، جو اپنی کتاب کرشن کی آتما کتھا (بھگوان کرشنا کی خودنوشت) کیلئے معروف ہیں۔ اَسّی گھاٹ سے روانگی کے بعد جہاں انھوں نے مقدس دریا کی خصوصی پوجا کے ساتھ شروعات کی، وہ ایک قریبی آشرم گئے جو روحانی رہنما سری آنند مائی ما کے بھکتوں کا قائم کردہ ہے، جہاں انھوں نے 20 ویں صدی کے سَنت کے مجسمہ پر پھول مالا چڑھایا اور وہاں احاطے میں خیراتی اسپتال کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم موصوف بعدازاں دہلی کیلئے روانہ ہوگئے۔