وارانسی ۔ 22 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش میں مندروں کے تاریخی شہر وارانسی میں سخت ترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں جہاں بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کل جمعرات کو اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کریں گے۔ سیاسی اعتبار سے کلیدی اہمیت کی حامل ریاست اترپردیش کے اس حلقہ سے مودی کو امیدوار بنانے بی جے پی کے فیصلے کے بعد اروند کجریوال نے بھی وارانسی سے مقابلہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دو اہم شخصیات کے درمیان سخت مقابلہ کے سبب وارانسی وقار کی نشست بن گئی ہے ۔ 45 سالہ کجریوال نے گزشتہ سال ڈسمبر میں دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کیلئے انوکھے انداز میں مہم چلاتے ہوئے ووٹروں کو راغب کیا تھا اور تین معیادوں کیلئے چیف منسٹر کے عہدہ پرفائز رہیں شیلاڈکشٹ کو بھاری اکثریت سے شکست دی تھی ۔ چنانچہ اروند کجریوال نے دہلی کے کامیاب نمونہ کو وارانسی میں بھی دہرانے کا فیصلہ کیاہے ۔ اس مہم میں وہ متعدد روڈ شوز اور عام جلسوں کا اہتمام کررہے ہیں ۔ جہاں مودی کے لئے بی جے پی اپنے ووٹ بینک کو مستحکم بنانے کیلئے جارحانہ مہم چلارہی ہے عام آدمی پارٹی کے سینکڑوں کارکن روزانہ گھر گھر پہونچ کر رائے دہندوں سے ملاقات میں مصروف ہیں۔ 2009 انتخابات میں مرلی منوہر جوشی نے گینگسٹر سیاستداں مختار انصاری کو 17000 ووٹوں سے شکست دی تھی ۔ لیکن قومی ایکتادل کے امیدوار نے ووٹوں کو تقسیم سے بچانے کیلئے اس مرتبہ انتخابی مقابلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔