وارانسی ،29اگست (سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش میں وارانسی کے چوبے پور علاقہ میں اپنے گھر کے باہر سورہے باپ بیٹے کو بم دھماکہ کرکے ہلاک کردیاگیا۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سریش راؤ آنند کلکرنی نے بدھ کوصحافیوں کو بتایاکہ ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریبا 20کلومیٹر دور ملکو پور میں منگل دیر رات طاقت وربم دھماکہ میں لال جی یادو(50)اور انکے بیٹے اجے (20)ہلاک ہوگئے ۔اندیشہ ہے واقعہ کو انجام دینے کے لئے کسی طاقت ور بم کا استعمال کیاگیا ۔انھوں نے بتایاکہ موقع سے بیٹری اور کچھ تار ملے ہیں ،جس سے لگتاہے کہ دورسے دھماکہ کیاگیاہے ۔ مسٹر کلکرنی نے بتایاکہ ابتدائی جانچ میں قتل کی وجہ زمین کا تنازعہ لگتا ہے۔ انھوں نے بتایاکہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئ ہیں اور آگے کی جانچ جاری ہے ۔