وارانسی۔ 9 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) اتر پردیش کے ضلع وارانسی کے بابت پور واقع لال بہادر شاستری انٹر نیشل ایئر پورٹ پر ایک غیر ملکی سیاح کے پاس سیٹلائیٹ فون ملنے سے یہاں سنسنی پھیل گئی۔پولیس ذرائع نے منگل کو یہاں بتایا کہ سیاح کی شناخت چینی باشندہ جہ این یو کے شکل میں ہوئے ہے ۔ سیٹلائیٹ فون ملنے کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لیکر اس کی چھان بین کی۔ مرکز اور ریاست کی مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے مطابق سختی سے پوچھ گچھ اور چھان بین میں قابل اطمینان جواب اور اطلاع ملنے کے بعد پیر کی دیر رات اسے چھوڑ دیا گیا لیکن سیٹلائیٹ فون ضبط کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران جہ این یو نے پولیس کو بتایا کہ ہندوستان میں عام شہریوں کیلئے سیٹلائیٹ فون کے استعمال پر پابندی ہونے کی اطلاع نہ ہونے کی وجہ سے وہ اسے اپنے ساتھ لیکر سفر کر رہا تھا۔ جہ این یو کو پیر کی دیر رات سیکورٹی کے بیچ ایک گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرایا گیا۔ اب وہ دوبارہ اپنے طے شدہ سفر کا آغاز کر سکے گا۔ پیر دیر شام کو کولکاتہ جانے کیلئے وہ لال بہادر شاستری انٹر نیشنل ایئر پورٹ پہنچاتھا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ پیشے سے کمپیوٹر انجینئر جہ این یو(34) بیجنگ کا رہنے والا ہے ۔ 4ستمبر کو وہ ہندوستان آیا تھا۔
اپنے سفر کے دوران وہ ممبئی، اودے پور، آگرہ،دہلی وغیرہ شہروں میں گھومنے کے بعد وارانسی آیا تھا، یہاں گنگا کے کنارے واقع منشی گھاٹ پر ایک پرائیویٹ گیسٹ ہاوس میں قیام پذیر تھا۔