وارانسی میں انتخابات سے قبل بی جے پی کے دفتر پر دھاوا

وارانسی۔ 11؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ اعلیٰ سطحی انتخابی مقابلہ کے لئے رائے دہی سے ایک دن قبل اترپردیش کی پولیس اور الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے آج بی جے پی کے شہر میں واقع علاقائی دفتر کی تلاشی لی اور انتخابی مہم کا مواد ضبط کرلیا جس کی بناء پر پارٹی کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا۔ ریاستی پولیس کے فلائنگ اسکواڈ اور الیکشن کمیشن کی مشترکہ پارٹی نے بی جے پی کے دفتر پر دھاوا کیا جب کہ تمام انتخابی سرگرمیوں پر کل شام سے امتناع عائد کردیا گیا ہے جب کہ کل صبح سے رائے دہی مقرر ہے۔

نریندر مودی کا مقابلہ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال اور کانگریس کے امیدوار اجئے رائے کے علاوہ دیگر امیدواروں سے ہے۔ عہدیداروں کے بموجب یہ کارروائی انتخابی مہم کا مواد ضبط کرنے کے مقصد سے کی گئی تھی تاکہ یہ جانچ کی جاسکے کہ کیا ایسی اشیاء بی جے پی کے مقامی دفتر سے سیگرا محلہ کو کثیر تعداد میں روانہ تو نہیں کی جارہی ہیں؟ حالانکہ انتخابی مہم پر امتناع عائد ہوچکا ہے، تاہم بی جے پی قائدین نے دعویٰ کیا کہ یہ انتخابی مواد استعمال نہیں ہوا تھا اور پارٹی کسی بھی قسم کی انتخابی سرگرمی میں ملوث نہیں ہے۔