ودودرہ ۔ /28 اپریل (سیاست ڈاٹ
کام) وشواہندو پریشد کے لیڈر پروین توگاڑیہ نے سکیورٹی فورسیس پر عسکریت پسندوں کے حملوں کو روکنے کیلئے حکومت سے وادی کشمیر میں کارپٹ بمباری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ توگاڑیہ نے آج یہاں لارڈ پرشورام جینتی تقریب کے موقع پر کہا کہ ’’اُری اور کپواڑہ میں فوجی کیمپوں پر حملوں کے بعد ہماری حکومت کو چاہئیے کہ اس قسم کے حملے روکنے کیلئے وہ کشمیر میں کارپٹ بمباری کرے ۔ فوجی کیمپوں پر حملوں اور سنگباری کے واقعات کو جنگ تصورکیا جائے اور اس کو روکنے کے لئے حکومت کو کارپٹ بمباری کرنا چاہئیے ‘‘ ۔
توگاڑیہ نے جو وی ایچ پی کے بین الاقوامی صدر ہیں ،حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کرے جو سکیورٹی فورسیس کے ساتھ جنگ میں مصروف ہیں ۔ توگاڑیہ نے کہا کہ کشمیر میں فوج اور سویلئنس کے درمیان دشمنی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ’’ اب وقت آگیا ہے کہ کسی نرمی کا مظاہرہ نہ کیا جائے بلکہ ان (کشمیریوں) پر کارپٹ بمباری کی جائے ورنہ دشمن دوسری ریاستوں تک پھیل جائیں گے اور ملک کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی باتیں کریں گے ‘‘ ۔پروین توگاڑیہ نے جموں و کشمیر کی ترقی کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے 2015 ء میں معلنہ 80 ہزار کروڑ کے خصوصی پیاکیج پر نظرثانی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس رقم کو ملک کے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کیا جانا چاہئیے کیونکہ کئی ریاستوں میں کسانوں کی حالت انتہائی ابتر ہے ۔کئی کسان خودکشی کررہے ہیں ۔