وادی کشمیر میں سیلاب کا خطرہ نہیں‘ تباہ کن مرحلہ ختم

سرینگر ۔ 2اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت جموں و کشمیر نے آج کہا کہ وادی میںسیلاب کا خطرہ نہیں ہے اور وادی کی تمام ندیاں خطرے کے نشان سے نیچے بہہ رہی ہیں ۔ سیاحوں کو اب کسی خوف کے بغیر وادی کا سفر کرنا چاہیئے ۔ اس سال بارش کے بعد یہاں کی سرسبز و شادابی پہلے سے زیادہ بہتر ہوگی۔ جموں و کشمیر کے وزیر تعلیم نعیم اختر نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ خراب موسم کا بدترین و تباہ کن مرحلہ گذر چکا ہے ‘ بعض مقامات پر پانی جمع ہے جس سے کچھ مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ وادی میں سیلاب کا خطرہ نہیں رہا ‘ البتہ عوام میں گذشتہ سال کی تباہی کا خوف اب بھی پایا جاتا ہے ‘ اس لئے یہ لوگ سراسیمگی کا شکار ہیں ۔

عوام کو غیر ضروری خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ نظم و نسق نے تمام علاقوں میں صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری کرلی ہے ۔ بدقسمتی سے بارش کی وجہ سے اب تک کسی سے کوئی رابطہ نہیں تھا اور کوئی وزیر یا آفیسر اپنے گھر سے نہیں نکل سکا تھا لیکن اب ان کی حکومت میں ایسا نہیں ہوگا ‘ ہر جگہ کام ہورہا ہے ۔ میرا احساس ہے کہ یہ نئی صبح کا سورج طلوع ہوا ہے ۔ اس دوران عوام کے اندر پایا جانے والا خوف بھی ختم ہورہا ہے ۔گذشتہ سال ستمبر کی طرح اس مرتبہ بھی سیلاب کا خطرہ تھا ۔ حکومت نے موسم کے بہتر ہونے اور بارش کے تھم جانے کی رپورٹ دی ہے ۔ سیلاب پر قابو پانے والے محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شہر کے رام منشی باغ میں 15.25 فٹ پانی جمع ہے اس کی نکاسی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ دریائے جہلم بھی اب اپنے خطرے کے نشان سے 14.10 تک نیچے بہہ رہی ہے ۔