وادی میں گھنے کہر کے سبب تمام 21 پروازیں منسوخ

ریل، روڈ ٹریفک بھی متاثر، شاہراہ پر حادثہ، ایک ہلاک
سرینگر ۔ 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں ناسازگار موسم کے سبب فضائی ٹریفک آج بری طرح متاثر ہوئی۔ گھنے کہر کے سبب سرینگر ایرپورٹ سے تمام طیاروں کی آمدورفت کو مجبوراً منسوخ کرنا پڑا، جس کے نتیجہ میں سینکڑوں مسافر پھنس گئے۔ ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کی ایک عہدیدار نے کہا کہ ’’خراب موسم کے سبب سرینگر کے لئے آج تمام طیاروں کی آمدورفت منسوخ کردی گئی اور کوئی بھی ایرلائنس اپنے طیاروں کی پرواز نہیں کرسکی۔ سرینگر اپرپورٹ پر آج 21 طیاروں کی پروازیں مقرر تھیں۔ تاہم تمام 21 پروازیں منسوخ کرتے ہوئے مسافرین کو مطلع کردیا گیا۔ طیاروں کی منسوخی کے سبب بشمول سیاح کئی مسافر ایرپورٹ پر پھنس گئے۔ ریل اور روڈ ٹریفک بھی بالخصوص صبح کے اوقات میں گھنے کہر کے سبب بری طرح متاثر رہی۔ مہرگنڈ میں سرینگر ۔ بارہمولہ شاہراہ پر ایک حادثہ میں ایک کیپ ڈرائیور ہلاک اور دو مسافر زخمی ہوگئے۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے کل بھی ایسے ہی موسم کی پیش قیاسی کی ہے۔