وادی میں شدید برفباری

سرینگر ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : وادی کشمیر میں موسم کی شدید ترین برفباری کے بعد اس کا رابطہ ملک کے دیگر حصوں سے منقطع ہوگیا ۔ جس کی وجہ سے فضائی اور سڑک ٹرافک شدید طور پر متاثر ہوئی اور قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت رک جانے سے ریاست کا رابطہ ملک کے دیگر مقامات سے منقطع ہوگیا ۔ دریں اثناء سری نگر انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر جانے والے اور آنے والے طیاروں کی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ 294 کیلو میٹر طویل سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ کو برفباری اور زمین کھسکنے کے واقعات کے بعد ٹرافک کے لیے بند کردیا گیا ہے ۔ ٹرافک کنٹرول روم ترجمان نے یہ بات بتائی ۔ حکام نے شدید برفباری کے بعد سالانہ بورڈ اور یونیورسٹی امتحانات بھی ملتوی کردئیے ہیں جب کہ 12 ویں جماعت کے امتحانات جو آج منعقد شدنی تھے کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے اور آئندہ تاریخ کا عنقریب اعلان کیا جائے گا ۔ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے پی آر او شوکت عثمان نے یہ بات بتائی ۔ برفباری کی وجہ سے برقی سربراہی بھی متاثر ہوئی جب کہ محکمہ موسمیات نے برفباری کی شدت میں بتدریج کمی ہونے کی پیش قیاسی بھی کی ہے ۔