وادی منیٰ میں ’’اللہ اکبر‘‘ کی گونج کے ساتھ رمی جمار

منیٰ۔5ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانیوں کے بشمول اقطاع عالم کے لاکھوں حاجیوں نے آج دوسرے دن بھی جمرات میں رمی جمار کا عمل پورا کیا ۔ جانوروں کی قربانی دی ‘ حلق کیا اور طواف زیارت کے بعد خیموں کے شہر میں قیام کرتے ہوئے دکر و اذکار کے ساتھ خوشنودی خداوندی کے حصول میں مشغول ہوگئے ۔ سعودی عرب میں مناسک حج کی تکمیل کے ساتھ ہی تمام حجاج کی واپسی شروع ہوگی ۔ جب کہ میدان عرفات میں وقوف عرفات کے ساتھ حج اکبر کی سعادت حاصل کرنے کے بعد کل سے رمی جمار کا عمل کیا جارہاہے ۔ بڑے شیطان اور چھوٹے شیطان کو کنکریاں مارنا ارکان حج کا رکن ہے ۔ وادی منیٰ ‘ جمرات پل پر ’’اللہ اکبر‘‘ کی گونج کے ساتھ حجاج کرام پُرسکون طور پر رمی مجار کا عمل پورا کررہے ہیں ۔

حجاج نے جانوروں کی قربانی دی اور حلق کرواکر طواف زیارت کیا ۔ ہندوستان کے 1,36,000حجاج بھی ان 20,85,238 اقطاع عالم کے حجاج میں شامل ہیں جنہیں اس سال حج اکبر نصیب ہوا ہے ۔ ہندوستانی حاجی اپنے خیموں میں قیام کریں گے اور رمی جمار کا عمل پورا ہوتے ہی واپسی ہوگی۔تاہم جو ہندوستانی مناسک حج شروع ہونے سے چند دن قبل پہنچے تھے وہ مدینہ منورہ جایں گے اور حضرت محمد مصطفیﷺ کے روضہ اطہر کی زیارت کے بعد مسجد نبوری میںنمازوں کا اہتمام کریں گے ۔ ہندوستان کیلئے آخری قافلہ کو لانے والا طیارہ 10نومبر کو پہنچے گا جس کے ساتھ ہی اس سال کا ہندوستانی حج مشن تکمیل کو پہنچے گا ۔ ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک نے کہا کہ جمرات میں ہر چیز پُرسکون طریقہ سے جاری ہے ‘ ہم کو اب تک کسی بڑے مسئلہ کا سامنا کرنا نہیں پڑا ہے ۔

ماضی کے برعکس اس سال پُرسکون طریقہ سے مناسک حج پورے کرلئے گئے ہیں ۔ چند ایک گمشدگی کے معاملے سامنے آئے ہیں اور گمشدگی کے بھی صرف 20کیس درج کئے گئے ۔ مناسک حج کی تکمیل پر حج کے فریضہ کی سعادت سے سرفراز ہونے والے حاجیوں کو اپنے اپنے خیموں میں بارگاہ خداوندی میں سربسجود دیکھا گیا ہے ۔ ہرحاجی رخصتی کے ضروری عمل کو محسوس کرتے ہوئے جدبات سے مغلوب ہوکر بارگاہ رب العزت میں رو رو کر گڑگڑا کر دعائیں کررہے ہیں ‘ اس پاک و مقدس سرزمین سے دور ہوجانے کا وقت ان کے دلوں کو مضطرب کررہا ہے ۔ مناسک حج کے پاکیزہ لمحات ‘پُرنور ماحول سے محرومی کا احساس بھی انہیں ستار ہا ہے ۔ ان میں سے کئی حاجیوں نے دوبارہ اس مقام پر آنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے خدا کا شکر بجالا یا ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں یہ حج نصیب کیا ۔ آئندہ بھی وہ کعبتہ اللہ کی زیارت کا ارادہ کرچکے ہیں ۔ حج یا عمرہ کے کے ذریعہ مقدس سرزمین پر واپس ہونے کی آرزو لیکر واپسی کی تیاری کررہے ہیں ۔ امروہہسے آنے والے ایک حاجی محمد شاہد نے کہا کہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد میرے قلب و روح کی دنیا ہی بدل گئی ہے ۔ مقدس وپاکیزہ تجربہ نے میرے اندر وحانی کیفیت پیدا کردی ہے اور میں اپنے وطن کو گناہوںسے پاک ہوکر جارہا ہوں اور عہد کرتا ہوں کہ باقی زندگی میں گناہوں سے بچنے کی کوشش کروں گا ۔ سعودی عرب نے اس سال حرم شریف کی توسیع کے ساتھ دیگر انتظامات کو موثر بنایا تھا جس سے حاجیوں کو مناسک حج کی ادائیگی میں سہولتیں حاصل ہوئیں۔