مکہ معظمہ ۔ یکم ؍ اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے مقدس ترین شہر مکہ معظمہ میں موجود لاکھوں عازمین حج کی کل منی روانگی عمل میں آرہی ہے جس کے ساتھ ہی مناسک حج کا آغاز ہوجائے گا اور اللہ کے یہ مہمان اپنا فریضہ حج ادا کریں گے۔ تلبیہ کی گونج میں اگرچہ عازمین کی مکہ معظمہ میں اپنی رہائش گاہوں سے منیٰ روانگی شروع ہوچکی ہے لیکن تمام عازمین کل خیموں کے شہر کی طرف رواں دواں ہوں گے اور وہاں رات بھر قیام، عبادات و اذکار کے بعد دوسرے دن صبح عرفات کیلئے روانہ ہوں گے۔ جمعہ کو وقوف عرفات ہوگا اور اس بار تمام حجاج کرام کو حج اکبر کی سعادت حاصل ہوگی۔ میدان عرفات میں دعاؤں اور عرب کے حضور التجاؤں کے بعد غروب آفتاب کے ساتھ ہی حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں شب بسری اور رمی جمار کیلئے کنکریاں اکھٹا کرنے کے بعد دوسرے دن صبح فجر کے ساتھ ہی جمرات میں بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی۔ اس سال جمرات پل کی توسیع کے بعد فی گھنٹہ 5 لاکھ حجاج کرام کو رمی جمارکی سہولت ہوگی۔ 1,36,000 ہندوستانی عازمین حج کے بشمول زائد از 30 لاکھ مسلمان اس وقت وادی منیٰ کی جانب کوچ کررہے ہیں۔ تلبیہ کے ساتھ سفید احرام میں ملبوس عازمین کے سروں کا سمندر دکھائی دے رہا ہے۔ گورنر مکہ معظمہ شہزادہ مشال بن عبداللہ نے کہا کہ کل سے شروع ہونے والے مناسک حج کیلئے تمام تیاریاں پوری کرلی گئی ہیں۔ عازمین کا خیرمقدم کرنے کیلئے بنایا گیا منصوبہ کامیاب ہوا ہے۔ تمام سرکاری اور خانگی ایجنسیوں کو اپنے انسانی اور ٹکنیکل وسائل کو متحرک کرنا چاہئے تاکہ اس سالانہ فریضہ حج کی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے چیرمین شہزادہ مشال نے سیکوریٹی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سخت اقدامات کریں۔ اجازت کے بغیر حج کیلئے آنے والوں کو آگے بڑھنے کی اجازت نہ دیں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ سعودی عرب نے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں 70 ہزار آفیسروں کو تعینات کیا ہے تاکہ عازمین حج کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس سال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سربراہان مملکت کی کثیر تعداد بھی
آئی ہوئی ہے جن میں بنگلہ دیش کے صدر محمد عبدالحامد، سوڈان کے صدر عمر بشیر، صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود اور مالدیپ کے صدر عبداللہ یمین قابل ذکر ہیں۔ حرم شریف میں طواف و عبادات میں مصروف عازمین آج شب یا کل صبح سے وادی منیٰ کیلئے کوچ کریں گے۔ ہندوستانی حج مشن اور حکومت سعودی عرب کی جانب سے بہترین خدمات انجام دیئے جارہے ہیں۔ ایک ہندوستانی عازم حج محمد شاہد نے جو عزیزیہ رہائش گاہ میں مقیم ہیں، کہا کہ حج کمیٹی نے بہترین انتظامات کئے ہیں۔ بنگلہ دیش سے آنے والے ایک عازم حج محمد ناصرالدین احمد نے کہا کہ ان کا یہ پہلا حج ہے اور وہ اس فریضہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل ہونے پر بے حد خوشی محسوس کررہے ہیں۔ بنگلہ دیش حکومت کی وزارت اطلاعات میں جوائنٹ سکریٹری کی حیثیت سے خدمت انجام دینے والے ناصرالدین احمد نے کہا کہ میں یہاں صرف ایک ہفتہ قبل آیا ہوں۔ یہ اللہ کا احسان ہیکہ اس نے مجھے اپنے گھر کعبتہ اللہ کی زیارت کا موقع عطا فرمایا۔