وادی شاول میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی اجازت

اسلام آباد 25 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے آج فوج کی جانب سے افغانستان کی سرحد کے قریب وادی شاول میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی اجازت دیدی ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس علاقہ میں یہ دہشت گردوں کی آخری پناہ گاہ ہے ۔ پہاڑی اور گھنے جنگلات پر مشتمل یہ وادی شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے مابین بٹی ہوئی ہے جہاں فوج کو دہشت گردوں سے نبرد آزما ہونا پڑ رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف کے ساتھ آج ہوئی ملاقات میں اس وادی میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کے منصوبہ کو وزیر اعظم کی جانب سے منظوری دیدی گئی ہے ۔