وادیٔ کشمیر میں مسلسل بارش اور برف باری

سرینگر۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وادیٔ کشمیر کا رابطہ آج دوسرے دن بھی مسلسل بارش اور برف باری سے باقی ماندہ ملک سے منقطع رہا۔ برف باری کا سلسلہ کل سے جاری رہنے کے باعث ایرٹریفک اور قومی شاہراہ پر روڈ ٹریفک درہم برہم ہوگئی جس کے نتیجہ میں وادی کا رابطہ باقی ماندہ ملک سے ٹوٹ گیا۔ سرینگر انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ذرائع نے بتایا کہ آج بھی سرینگر کیلئے طیاروں کی آمدورفت روک دی گئی کیونکہ رن وے پر کہر اور برف کی دبیز پرت جمی ہوئی ہے جبکہ 294 کیلومیٹر طویل سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ جوکہ برف باری اور تودے کھسک جانے کے بعد بند کردی گئی تھی، آج بھی صورتِ حال جوں کی توں برقرار رہی۔ ٹریفک کنٹرول روم کے ترجمان نے بتایا کہ روڈ سیفٹی کا جائزہ لینے کے بعد ٹریفک کی بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ شدید برف باری کے باعث وادی میں سالانہ امتحانات دو یوم کیلئے ملتوی کردیئے گئے ہیں جبکہ سرینگر میں آج صبح 10.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔