وادیٔ کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافہ

سری نگر۔ 26؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ وادیٔ کشمیر اور لداخ کے علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت مزید کم ہوگیا، کیونکہ سردی کی لہر پورے علاقہ کو اپنی گرفت میں لئے ہوئے ہے۔ سری نگر میں 0.9 درجہ سیلسیس درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ مسلسل پانچویں رات درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے اُوپر تھا۔ قاضی گُنڈ میں منفی 0.9، کھوکرناگ میں منفی 1.8، پہلگام میں منفی 5.4، گلمرگ میں منفی 10.6، کپواڑہ میں 0.1، لیہہ میں منفی 12.4، کارگل میں منفی 19.6 اقل ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب پنجاب اور ہریانہ میں سردی کی لہر جاری ہے۔

اقل ترین درجہ حرارت دونوں ریاستوں کے کئی مقامات پر معمول سے کم ہوگیا۔ گہری دھُند کی وجہ سے کئی مقامات پر معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ جئے پور سے موصولہ اطلاع کے بموجب راجستھان کے کئی علاقوں میں آج صبح گہری کہر چھائی ہوئی تھی جس کی وجہ سے گاڑیوں اور ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ تین ٹرینوں کے اوقات تبدیل کردیئے گئے اور 8 ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ ماؤنٹ آبو راجستھان کا سرد ترین مقام تھا جہاں اقل ترین درجہ حرارت 1.2 درجہ سیلسیس تھا۔ چرو اور جئے پور میں اقل ترین درجہ حرارت 5.4، پلانی میں 6.6، سری گنگانگر میں 7.5، بیکانیر میں 7.7 اور اجمیر میں 9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔