وادیٔ کشمیر میں تازہ برف باری

سرینگر۔ 16 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر بشمول گلمرگ میں آج تازہ برف باری ہوئی جبکہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر ہوگیا۔ گلمرگ شمالی کشمیر کا شہرۂ آفاق اِسکی تفریحی مرکز ہے اور سیاحوں کے لئے خاص طور پر اسکیئنگ کرنے والے غیرملکیوں کیلئے پرکشش ہے۔ یہاں پر رات کے وقت 4 انچ برف باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے بموجب اقل ترین درجہ حرارت منفی 2 درجہ سیلسیس رہا جبکہ ایک دن قبل منفی 2.2 درجہ سیلسیس تھا۔ گلمرگ کشمیر کا واحد مقام ہے جہاں رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے۔ کشمیر کے دیگر مقامات پر بارش ہوئی جس کی وجہ سے شدید سردی سے عوام کو نجات حاصل ہوئی۔ جنوبی کشمیر کا سیاحتی مرکز پہلگام میں کل درجہ حرارت منفی 4.2 درجہ سیلسیس تھا۔ آج 0.4 درجہ ہوگیا۔ سرینگر میں اقل ترین درجہ حرارت 4.8 درجہ سیلسیس ہے۔ قاضی گنڈ اور سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ پر 3.2 درجہ سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ یہاں رات کے دوران 4.7 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کوکرناگ میں 2.4 درجہ سیلسیس درجہ حرارت رہا جبکہ 7.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ لیہہ میں درجہ حرارت منفی 1.1 درجہ سیلسیس ہے جو کل رات منفی 9.9 درجہ سیلسیس تھا۔ محکمہ موسمیات کے بموجب آئندہ 24 گھنٹے وسیع پیمانے پر بارش اور برف باری کا اندیشہ ہے۔