واجپائی کی ڈگری پر ہنگامہ ۔ وائس چانسلر کا گھیراؤ

کانپور۔/29ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام )  بی جے پی کارکنوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے ایم اے ڈگری ریکارڈس کی فراہمی میں ناکامی پر آج وائس چانسلر کانپور یونیورسٹی کا گھیراؤ کردیا۔ وائس چانسلر جینت ونائیک ویشم پیان کے ساتھ بی جے پی کانپور صدر سریندر میتھانی ، رکن اسمبلی سلیل وشنوئی اور پارٹی کارکنوں کی اسوقت بحث و تکرار ہوگئی جب یونیورسٹی نے یہ ادعا کیا کہ سابق وزیر اعظم کی ڈگری کا ریکارڈان کے پاس دستیاب نہیں ہے۔ وائس چانسلر نے یہ وضاحت کی کہ واجپائی نے 1950 کے عشرہ میں دیانند اینگلو ویدک کالج سے پولٹیکل سائنس میں ایم اے کیا تھا جبکہ چھتراپتی ساہوجی مہاراج یونیورسٹی، کانپور یونیورسٹی کا قیام 1966 میں عمل میں لایا گیا تھا اور جس وقت سابق وزیر اعظم نے کامیابی حاصل کی تھی اسوقت ڈی اے وی کالج، آگرہ یونیورسٹی کے ماتحت تھا۔ پروفیسر ویاشم پیاں نے حیرت کا اظہار کیا کہ سالہا سال گذرجانے کے بعد بی جے پی کارکن ریکارڈ کیلئے اب کیوں اصرار کررہے ہیں جبکہ بی جے پی کارکنوں نے یہ انتباہ دیا ہے کہ ریکارڈس کا پتہ چلا کر حوالے نہیں کیا گیا تو یونیورسٹی کیمپس میں احتجاج کیا جائے گا۔