پڑوسی ملک سے بات چیت کے ذریعہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کی جائے ، جموں و کشمیر قائدین کابیان
نئی دہلی ۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو یاد کرتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور نیشنل کانفرنس کے قائدین نے جو جموں و کشمیر کی دو نمایاں سیاسی پارٹیاں آج بی جے پی زیرقیادت حکومت پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کیلئے وادی کشمیر کے عوام اور پڑوسی ملک پاکستان سے بات چیت کے ذریعہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کی جائے۔ جموں و کشمیر کی نیشنل کانفرنس کے قائد فاروق عبداللہ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے واجپائی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور کشمیر کے تئیں واجپائی کے رویہ کی تعریف کی۔ آنجہانی قائد کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک دعائیہ اجتماع بھی بی جے پی کے زیراہتمام منعقد کیا گیا۔ فاروق عبداللہ نے واجپائی کو ایک ’’دل والا‘‘ انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام کے درمیان اختلافات پیدا نہیں کئے۔ وہ ہمیشہ ملک کے عوام کے درمیان اور پڑوسیوں کے ساتھ نفرت کا خاتمہ چاہتے تھے۔ اس سمت انہوں نے مختلف اقدامات کئے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے زور دیکر کہا کہ موجودہ حکومت کا بہترین خراج واجپائی کو یہی ہوگا کہ ان کے انسانی بنیاد پر رویہ کی تلقید کی جائے اور مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کیلئے پاکستان سے بات چیت کی جائے۔ فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی دونوں ریاست جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹرس رہ چکے ہیں اور مختلف مواقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے حلیف بھی تھے۔