واجپائی کی استھیاں ہردوار میں آج بہائی جائیں گی

نئی دہلی، 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی استھیاں ملک بھر کی مختلف دریاؤں میں بہائی جائیں گی، جس کی شروعات کل اتوار کو ہردوار میں دریائے گنگا کے ساتھ ہوگی، بی جے پی نے آج یہ بات کہی۔ بی جے پی لیڈر بھوپیندر یادو نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مقدس شہر میں استھیاں بہانے کی رسم کے موقع پر مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ، چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ اور اُن کے اترکھنڈ کے ہم منصب ترویندر سنگھ راوت کے بشمول دیگر شرکت کریں گے۔ آزاد ہندوستان میں نہایت کرشماتی قائدین میں شامل واجپائی کابہ عمر 93 سال جمعرات کو یہاں انتقال ہوا۔ اُن کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزازات کے ساتھ گزشتہ روز قومی دارالحکومت میں راشٹریہ سمرتی استھل میں انجام دی گئیں۔