چیف منسٹر چندرابابو کی موجودگی میں جمعہ کو تلگودیشم میں شمولیت
وجئے واڑہ ۔ یکم فروری (پی ٹی آئی) آندھراپردیش میں اپوزیشن جماعت وائی ایس آر کانگریس سے ارکان مقننہ کے انحراف کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ تازہ ترین واقعہ میں اس پارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتہ تلگودیشم پارٹی میں شامل ہوجائیں گے۔ ضلع سریکاکلم میں حلقہ پاتا پٹنم کے وائی ایس آر کانگریس رکن اسمبلی کے وینکٹ رمنا مورتی نے کہاکہ وہ 4 مارچ کو چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کی موجودگی میں تلگودیشم پارٹی میں شامل ہوجائیں گے۔ وائی ایس آر کانگریس کے چھ ارکان اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے ایک رکن پہلے ہی تلگودیشم پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں۔ اس دوران سریکاکلم کے ایک سابق رکن اسمبلی بی لکشمنا پرساد راؤ نے آج وائی ایس آر کانگریس سے مستعفی ہوکر تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ وہ تلگودیشم پارٹی کے رکن قانون ساز کونسل بی بھاسکر راما راؤ کے فرزند ہیں اور 2014 ء کے عام انتخابات میں حلقہ لوک سبھا راجہ مہندرا رام نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرچکے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس نے اپنے ارکان مقننہ کے انحراف سے پریشان ہوکر اے پی اسمبلی کے آئندہ بجٹ سیشن میں تلگودیشم حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ منحرف ارکان کی نااہلی کا جواز پیدا کیا جاسکے۔