وائی ایس آر کانگریس کا آئندہ ماہ پلینری اجلاس، تیاریوں کا جائزہ

حیدرآباد 27 جون (سیاست نیوز) صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی نے پارٹی کے پلینری اجلاس کو یادگار بنانے کی قائدین و کارکنوں سے اپیل کی۔ اُنھوں نے حیدرآباد میں واقع پارٹی ہیڈکوارٹر پر آج اہم قائدین کے ساتھ پلینری اجلاس کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ قائد اپوزیشن آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی جگن موہن ریڈی نے پارٹی قائدین و کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اجلاس کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کریں۔ تلگودیشم حکومت کے خلاف عوام میں بڑھتی ہوئی مایوسی کے پیش نظر پلینری سیشن میں مجوزہ انتخابات کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اِس کے علاوہ کئی اہم اُمور پر قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔ پلینری اجلاس کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کے بارے میں آج تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پلینری اجلاس 8 اور 9 جولائی کو گنٹور ۔ وجئے واڑہ کے درمیان واقع آچاریہ ناگرجنا یونیورسٹی کے قریب منعقد ہوگا۔