حقائق پر مبنی شیٹ کی اجرائی، وزیر آئی ٹی این لوکیش نائیڈو کا ردعمل
حیدرآباد 17 جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و حکومت آندھراپردیش این لوکیش نے ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ریاستی حکومت پر عائد کردہ الزامات کو مسترد کردیا اور شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سخت الفاظ میں جواب دیتے ہوئے حقائق پر مبنی شیٹ (فیاکٹ شیٹ) جاری کردی جبکہ ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس نے حکومت پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ ان کے حلقہ اسمبلی کیلئے ترقیاتی فنڈ کو حکومت جاری نہیں کررہی ہے۔ ان الزامات کو لوکیش نے اپنے ٹوئٹر پر زبردست کاؤنٹر کیا اور کہاکہ آپ پر (وائی ایس آر کانگریس ارکان اسمبلی پر) بھروسہ و اعتماد کرکے عوام نے چند حلقہ جات اسمبلی سے آپ کو منتخب کیا۔ لوکیش نے دریافت کیاکہ آیا آپ نے عوام کو کامیاب بنانے کے عوض کیا دیا؟ انھوں نے طنزیہ انداز میں ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہاکہ ریاستی اسمبلی میں عوامی مسائل کو موضوع بحث بناکر یکسوئی کروالینے کے بجائے آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت نہ کرکے بالکلیہ طور پر غائب رہے اور ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کبھی بھی اپنے حلقہ جات اسمبلی کے لئے ترقیاتی فنڈس فراہم کرنے کی خواہش تک نہیں کی لیکن ہر ماہ باقاعدہ طور پر اپنی تنخواہ حاصل کرتے رہے اور تمام تر سہولتوں سے استفادہ کیا۔ وزیر موصوف نے مزید کہاکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی نے کبھی بھی اپنے حلقہ ترقیاتی فنڈ کی فراہمی کے لئے نہ ہی مطالبہ کیا اور نہ ہی کبھی خواہش کی۔ اس کے باوجود وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی اپنے حلقہ جات اسمبلی کی ترقی کو نظرانداز کرنے پر بھی حکومت آندھراپردیش نے اپوزیشن پارٹی کے حلقہ جات میں کئی ایک ترقیاتی اقدامات کئے۔