ضلع میدک کے سات خاندانوں سے اظہار یگانگت، تمام اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرنے کا عزم
حیدرآباد 3 جنوری (این ایس ایس) قائد اپوزیشن آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی و سربراہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی ہمشیرہ و قائد وائی ایس آر کانگریس پارٹی شریمتی وائی ایس شرمیلا نے آج یہاں میدک سے پرسہ یاترا کا آغاز کیا ہے۔ دوران یاترا وہ آنجہانی چیف منسٹر متحدہ آندھراپردیش ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت واقع ہونے کے بعد خودکشی کرنے والے کسانوں کے ساتھ اظہار یگانگت کریں گے۔ شریمتی شرمیلا نے اپنی یاترا کا آغاز ضلع میدک کے ورگل منڈل کے عنبر پیٹ سے کیا ہے۔ قبل ازیں انھوں نے تھوکولٹہ منڈل کے عنبرپیٹ اور ویملہ گٹہ میں جے اماں کے ارکان خاندان سے ملاقات کرکے پرسہ دیا۔ اس کے علاوہ انھوں نے کناگل موضع میں بلارام کے ارکان خاندان کو بھی پرسہ دیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ وائی ایس آر سی پی چیف پی سرینواس ریڈی اور دیگر کئی قائدین اس یاترا میں شامل تھے۔ یاترا کے پہلے دن شرمیلا نے سات خاندانوں سے ملاقات کرکے پرسہ دیا۔ وہ اپنی یاترا کے تحت سوائے پٹن چیرو کے تمام حلقہ اسمبلی جات کا احاطہ کریں گی۔