وائی ایس آر کے مزید کئی ارکان کا تلگو دیشم سے ربط برقرار

راجیہ سبھا کے لیے وجئے سائی ریڈی کو ووٹ نہ دینے جلیل خان رکن اسمبلی کی اپیل
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے حالیہ عرصہ کے دوران تلگو دیشم پارٹی میں شامل ہوئے رکن اسمبلی وجئے واڑہ مسٹر جلیل خان نے واضح طور پر کہا کہ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی مجوزہ راجیہ سبھا انتخابات کے سلسلہ میں اپنے ارکان اسمبلی کو خواہ کسی بھی مقام پر چھپا رکھیں ۔ وہ تمام کے تمام ہم سے ربط میں ہی ہیں اور صاف طور پر یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم تمام ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے راجیہ سبھا امیدوار مسٹر وجئے سائی ریڈی کے حق میں ووٹ دینے سے ہرگز دلچسپی نہیں رکھتے ہیں ۔ مسٹر جلیل خان رکن اسمبلی تلگو دیشم پارٹی نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ جب وہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں تب انہوں نے ( وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ) کبھی بھی حلقہ اسمبلی کے مسائل کے تعلق سے بات ہی نہیں کیا کرتے تھے لیکن صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سب سے پہلے ہر ایک سے اسمبلی حلقہ جات کے تعلق سے بات کر کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد ہی سیاسی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر راجیہ سبھا انتخابات کے لیے رائے دہی منعقد ہو تو وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے موجودہ ارکان کے منجملہ نصف ارکان بھی مسٹر وجئے سائی ریڈی کے حق میں اپنا ووٹ ہرگز نہیں دیں گے ۔۔