چندرا بابو کو جمہوریت پر ایقان نہیں ، متھن ریڈی اور سریکانت ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آندھرا پردیش کے منتخب چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو شیر کا بھیس اختیار کرنے والی لومڑی قرار دیتے ہوئے وعدوں پر عمل آوری کرنے کے بجائے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ارکان کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے کی مہم شروع کرنے کا الزام عائد کیا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ مسٹر متھن ریڈی اور رکن اسمبلی سریکانت ریڈی نے کہا کہ سیما آندھرا کے عوام نے تلگو دیشم پارٹی کو اقتدار حوالے کیا ہے ۔ نائیڈو انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کرتے ہوئے عوام کو راحت پہونچانے اور ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کے بجائے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے منتخب ارکان کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی ۔ فلاح و بہبود اور ریاست کی ترقی میں حکومت سے مکمل تعاون کرے گی ۔ مسائل کو حل نہ کرنے اور وعدوں کو پورا نہ کرنے کی صورت میں حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی شعور بیداری مہم کا آغاز کیا جائے گا ۔
وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے منتخب ارکان کو لالچ دے کر تلگو دیشم پارٹی میں شامل کیا جارہا ہے ۔ جو سیاسی اقدار کی خلاف ورزی ہے ۔ ایسا لگتا ہے صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو جمہوریت پر یقین نہیں ہے اور وہ آندھرا پردیش میں اپوزیشن کا خاتمہ کرنے کے مشن پر کام کررہے ہیں ۔ مگر وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی عوامی جماعت ہے ۔ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی نے اقتدار ، عہدوں کو نظر انداز کرتے ہوئے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے اور راج شیکھر ریڈی کے سنہرے دور کا احیاء کرنے کے لیے نئی پارٹی تشکیل دی ہے ۔ جمہوریت میں ہار جیت لگی رہتی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو عوام کا فیصلہ قبول ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی ۔۔