مستعفی ارکان کا سرکاری مراعات سے استفادہ، وزیر اے پی جواہر کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 جون (سیاست نیوز) وزیر آندھراپردیش مسٹر جواہر نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان پارلیمان کے استعفوں کو صرف اور صرف سیاسی ڈراموں سے تعبیر کیا اور بتایا کہ پارلیمانی رکنیت سے مستعفی ہونے والے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان پارلیمان تمام سرکاری مراعات سے بھرپور استفادہ کررہے ہیں۔ مسٹر جواہر نے مزید کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے مستعفی ہوئے ارکان پارلیمان ہر ماہ مبینہ طور پر ماہانہ تنخواہ حاصل کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں انہیں فراہم کردہ گن مینوں کو تک واپس نہ کرکے ان گن مینوں کی خدمات سے بھرپور استفادہ کررہے ہیں۔ وزیر نے آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان پارلیمان پر الزام عائد کیا کہ وہ مرکزی بی جے پی حکومت کے ساتھ اندرونی طور پر مبینہ سازباز کرلینے کے باوجود وزیراعظم نریندر مودی سے ریاست آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف فراہم کرنے کا مطالبہ کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسٹر جگن نے اپنے ارکان پارلیمان سے مکتوبات استعفے پیش کرکے سیاسی ڈرامہ بازی کی ہے اور اپنے ارکان سے مکتوبات استعفے پیش کرواکر جگن موہن ریڈی اپنی پدیاترا کے دوران وہ حکومت آندھراپردیش کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرکے اپنے سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔