حیدرآباد۔/5جولائی، ( سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو سال 2019 میں منعقد ہونے والے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی کو یقینی بنانے اور اقتدار حاصل کرنے کیلئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے ممتاز ماہر انتخابی منصوبہ ساز و حکمت عملی مرتب کرنے والے مسٹر پرشانت کشور کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ممتاز ماہر انتخابی منصوبہ جات مسٹر پرشانت کشور سے ملاقات کی اور پارٹی کے تمام قائدین سے مسٹر پرشانت کشور کا تعارف کروایا بلکہ ملاقات بھی کروائی۔ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج پارٹی کے تمام ضلع صدور، پارٹی مبصرین اور پارٹی کے اہم و سینئر قائدین کے ساتھ ایک اجلاس طلب کیا تھا اور اس اجلاس میں مسٹر جگن موہن ریڈی نے جاریہ ماہ 8اور 9ج ولائی کو وجئے واڑہ سے گنٹور شاہراہ پر واقع آچاریہ ناگارجنا یونیورسٹی کے روبرو واقع میدان میں منعقد کئے جانے والے پارٹی پلینری اجلاس کی تیاریوں اور پارٹی کو نچلی سطح سے مضبوط و مستحکم بنانے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔
پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اورکہا کہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈینے پارٹی قائدن کو مسٹر پرشانت کشور سے متعلق واقف کرواتے ہوئے کہا کہ سال 2014 میں پارلیمانی انتخآبات میں مسٹر نریندر مودی کو اور بہار اسمبلی انتخابات میں مسٹر نتیش کمار کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی پلینری اجلاس میں زائد از 30 ہزار پارٹی قائدین کی شرکت متوقع ہے اور پلینری اجلاس کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے جملہ18 مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔