وائی ایس آر کانگریس کو مستحکم کرنے پرشانت کشور کی خدمات

پارٹی کیڈر سے ملاقاتیں ، اے پی میں پارٹی کو استحکام پہونچانے کی مساعی
حیدرآباد۔28جولائی (سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس کو مستحکم بنانے کیلئے پارٹی نے پرشانت کشور ماہر سیاسی امور کی خدمات حاصل کرنی شروع کردی ہیں اور کہا جا رہا ہے پارٹی کیڈر سے ان کی ملاقاتیں اور قیادت کے انتخاب کے سلسلہ میں مشاورت کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ ریاست آندھراپردیش کی سیاست میں پرشانت کشور کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے تیار کی جانے والی حکمت عملی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی سیاسی جماعت کو مزید مستحکم کرسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جموں و کشمیر ‘ بہار اور پنجاب کے انتخابات دیکھ چکے ہیں اور انہیں اس بات کا یقین ہے کہ آندھرا پردیش میںبھی سیاسی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ مسٹر پرشانت کشور جس وقت وائی ایس آر سی کے پلینری سیشن میںنظر آئے اسی وقت سے یہ کہا جانے لگا تھا کہ وہ وائی ایس آر سی پی کی انتخابی حکمت عملی کی تیاری میں کلیدی رول ادا کرسکتے ہیں لیکن اب جبکہ دو ہفتہ گذر چکے ہیں تو اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ وہ کافی عرصہ سے وائی ایس آر سی پی کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں اور انتخابی حکمت عملی کے ساتھ ساتھ کیڈر میں حوصلہ پیدا کرنے کے علاوہ قائدانہ صلاحتیں پیدا کرتے ہوئے انہیں عوام کے درمیان رہنے کے گر سے واقف کروا رہے ہیں۔ انہو ںنے یہ ادعا کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل کرنے کے روشن امکانات ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ پارٹی اور ووٹ کے فیصد کے علاوہ جگن موہن ریڈی کی قائدانہ صلاحیتوں اور عوامی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ منظم حکمت عملی کی تیاری کے ساتھ ان کی جماعت اقتدار حاصل کر سکتی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ وہ وائی ایس آر سی پی کی انتخابی حکمت عملی کی تیاری کے ساتھ ساتھ قائدین و کارکنوںکو تربیت بھی دے رہے ہیں۔ اسی طرح پارٹی نے ان کیلئے 200 افراد پر مشتمل عملہ بھی فراہم کیا ہے جو ان کا منتخب کردہ ہے وہ اس عملہ کے ساتھ آندھرا پردیش کے بنیادی امور کو سمجھتے ہوئے حکمت عملی کی تیاری میں مصروف ہیں۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہ ریاست آندھراپردیش کی تمام اسمبلی نشستوں کی مکمل تفصیلات اکٹھا کئے ہوئے ان کا جائزہ لے رہے ہیں اور اب تک کے مطالعہ کی بنیاد پر ان کی جانب سے یہ دعوی کیا جا رہا ہے کہ حکمت عملی کو بہتر بنائے جانے کی صورت میں آئندہ انتخابات کے دوران وائی ایس آر سی پی کو اقتدار حاصل ہونے کے روشن امکانات ہوں گے۔