ایم ایل سی انتخابات میں تائید پر وائی ایس آر سی پی پر اچھن نائیڈو کی تنقید
حیدرآباد۔/31مئی، ( این ایس ایس ) آندھرا پردیش کے وزیر لیبر کے اچھن نائیڈو نے آج پیر کے ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید و حمایت کرنے پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اچھن نائیڈو نے کہاکہ وائی ایس آر سی پی کے اقدام سے وائی ایس آر سی پی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے درمیان ساز باز آشکار ہوگئی ہے۔ یہ بات صاف ظاہر ہے کہ اے پی اسمبلی میں اپوزیشن قائد کی ٹی آر ایس کے ساتھ کچھ خفیہ مفاہمت ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی تلگودیشم کو نشانہ بنانے کیلئے آندھرا پردیش میں کانگریس اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔ ٹی آر ایس کو وائی ایس آر سی پی کی تائید پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے پوچھا کہ کس طرح وائی ایس آر کانگریس تلنگانہ میں حکمراں جماعت کی تائید کی مدافعت کرسکتی ہے۔ حالیہ دنوں میں وائی ایس آر سی پی کے دو ارکان اسمبلی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی اور اب ٹی آر ایس کی جانب سے وائی ایس آر کانگریس کی تائید طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے انتخابات کے موقع پر اتحاد کو غیر اخلاقی اور انتخابات کی روایات کے مغائر قرار دیا۔